ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امت شاہ کی ریلی میں لگے تھے ’’گولی مارو‘‘ کے نعرے، تین بی جے پی کارکن گرفتار

امت شاہ کی ریلی میں لگے تھے ’’گولی مارو‘‘ کے نعرے، تین بی جے پی کارکن گرفتار

Mon, 02 Mar 2020 13:09:38    S.O. News Service

کولکاتا،2؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) مغربی بنگال کے کولکاتا میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی ریلی میں ’ملک کے غداروں کو، گولی مارو ...کو‘ کا نعرہ لگانے والے 3 بی جے پی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، کولکاتا پولیس کی جانب سے آج بتایا گیا ہے کہ اتوار دیر رات نیو مارکیٹ تھانے کی پولیس نے چھاپہ ماری کر ان لوگوں کو پکڑا ہے، یہ واقعہ کولکاتا کے ایسپلانیڈ علاقے کی ہے، بتا دیں کہ شہید مینار میدان میں اتوار کو امت شاہ کی ریلی تھی۔

غور طلب ہے کہ اتوار کو امت شاہ نے کولکاتا میں ایک ریلی سے خطاب کیا تھا، امت شاہ کی ریلی میں جانے والے بی جے پی کے کارکنوں کے ایک گروپ نے ’ملک کے غداروں کو، گولی مارو ... کو‘ کے نعرہ لگائے تھے اور ہاتھ میں پارٹی کا پرچم لے رکھا تھا۔ سی اے اے کی حمایت میں منعقد ریلی میں حصہ لینے کے لئے ریاست کے مختلف حصوں سے بھاری تعداد میں بی جے پی کے کارکنان اور حامی پہنچے تھے، اسی دوران بی جے پی کارکنوں کی طرف سے نعرے لگائے گئے۔

پولیس نے بتایا کہ اس سلسلے میں اتوار دیر رات مقدمہ درج کیا گیا، گرفتار کیے گئے بی جے پی کارکنوں پر تعزیرات ہند کی دفعہ 505، 506، 34 اور 153A لگائی گئی ہے۔ کولکاتا  پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ شہر میں قانون و انتظام کو خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

بتا دیں کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو کولکاتا میں شہریت ترمیمی قانون کو لے کر ایک ریلی سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی لاکھوں پناہ گزینوں کے لئے سی اے اے قانون لے کر آئے ہیں، حالانکہ اس دوران امت شاہ کو لوگوں کی مخالفت بھی جھیلنی پڑی، شہر میں سیاہ پرچم لے کر کئی مقامات پر سڑکوں پر کئی تنظیموں کے لوگ اترے تھے۔ ساتھ ہی ’امت شاہ گو بیک‘ کے نعرے لگائے گئے اور احتجاج بھی کیا۔


Share: